ورلڈ نیوز
بھارت نے اسرائیل کے ساتھ اہم دفاعی معاہدہ منسوخ کردیا
یروشلم: بھارت نے اسرائیل کے ساتھ پچاس کروڑ ڈالر کا ایک اہم دفاعی معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔
اسرائیلی اخبارکی رپورٹ کےمطابق 2014 میں بھارت نے اسرائیل کی دفاعی تنصیبات کی کمپنی رافیل ایڈوانس ڈیفنس سسٹم کے ساتھ 50 کروڑ ڈالرکا اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل سسٹم کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا جسے بھارت کے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کی جانب سے منسوخ کیا گیا ہے۔ ڈی آر ڈی او کا مؤقف ہے کہ بھارت کو اسرائیل سے خطیر رقم کا دفاعی معاہدہ کرنے کے بجائے خود اپنا میزائل سسٹم بنانا چاہئے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی نے ’میک ان انڈیا‘ کے نام سے منصوبہ شروع کیا ہے جس کا مقصد بھارت کو ہتھیارسازی کا مرکز بنانا ہے، اس منصوبےکےتحت ملک میں ہی ہتھیار تیار کرنے کے لیے اسرائیل کے ساتھ یہ سودا منسوخ کیا گیا ہے۔ اب میزائل کی تیاری کی ذمہ داری دفاعی تحقیقی ادارے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کو دی گئی ہے۔