ورلڈ نیوز
آئر لینڈ میں پائلٹ نے درجنوں مسافروں کی زندگیاں بچالیں
لندن: آئرلینڈ میں پائلٹ نے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 مسافروں کی زندگیاں بچالیں۔
تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ کے بیلفاسٹ ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والی یورپی نجی ہوائی کمپنی فلائی بی کی پرواز بی ای 331 میں ٹیک آف کے فوری بعد اچانک خرابی پیدا ہوگئی، جس کی وجہ سے طیارہ زیادہ اونچائی پر نہیں جاپا رہا تھا۔ کنٹرول ٹاور کی جانب سے جہاز کا وزن کم کرنے کی ہدایات پر پائلٹ 2 گھنٹے تک شہر کے گرد طیارے کے چکر لگاتا رہا تاکہ ایندھن جلنے سے اس کا وزن کم ہوسکے۔
یہ پڑھیں: دوران پرواز خاتون نے شوہر کی ٹھکائی کردی، طیارے کی ہنگامی لینڈنگ
طیارے کی ہنگامی لینڈنگ اور مسافروں کی جانیں بچانے کے لیے رن وے کو دیگر پروازوں کے لیے بند کردیا گیا، وزن میں مناسب کمی کے بعد پائلٹ نے جہاز کو ایئرپورٹ پر لینڈ کرانے کی بھرپور کوشش کی لیکن اس کے باوجود جہاز کا اگلا حصہ رن وے کی زمین سے رگڑ کھا گیا تاہم پائلٹ کی مہارت سے جہاز میں موجود 52 مسافروں اور عملے کے 4 افراد کی زندگیاں محفوظ رہیں۔
ایئرپورٹ عملے کے مطابق تمام مسافروں بشمول ایک بچے کی حالت خطرے سے باہرہے، صرف ایک مسافر کو علاج کے لیے اسپتال لے جایاگیا جسے جہاز کے جھٹکوں کی وجہ سے ہاتھ پر معمولی چوٹ آئی۔
یہ پڑھیں: ہائی جیکنگ کی افواہ پر بھارتی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ
دوسری جانب نجی ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہماری بنیادی تشویش مسافروں کی مدد اور ان کا تحفظ ہے، ایک کے سوا کسی مسافر کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں، ایک ماہر ٹیم کو حادثے کی تحقیقات کے لیے بھیجا جائے گا تاکہ تکنیکی خرابی کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔