صحت
اضافی چربی ختم کرنے کے چکر میں خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی
کیلیفورنیا: میکسیکو میں خاتون اضافی چربی ختم کرنے کے عمل ( لائیپوسیکشن) کے دوران موت کے منہ میں چلی گئیں۔
خوبصورت اور دبلا نظر آنا ہر خاتون کا خواب ہوتا ہے، بالخصوص دبلا نظر آنے کے لیے خواتین نہ صرف گھریلو ٹوٹکے استعمال کرتی ہیں بلکہ ڈاکٹرز کی دی گئی دوائیاں بھی استعمال کرتی ہیں۔ آج کل موٹاپے سے جان چھڑانے کے لیے ( لائیپوسیکشن) کا عمل بھی کیا جاتا ہے جس میں جسم میں بالخصوص پیٹ پر موجود اضافی چربی کو ختم کردیا جاتا ہے لیکن امریکی ریاست کیلیفورنیا میں خاتون لائیپوسیکشن کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔
کیلیفورنیا کی 51 سالہ خاتون ارما سائنز میکسیکو کے سان ڈیگو اسپتال میں اضافی چربی کے خاتمے کے لیے (لائیپوسیکشن) کرانے پہنچی تاہم سرجری کے بعد خاتون کوما میں چلی گئیں، خاتون کے اہل خانہ کے مطابق انہیں اس بارے میں اس وقت علم ہوا جب کوما میں جانے کے بعد اسپتال سے کال آئی جس میں ارما سائنز کے (لائیپوسیکشن) کے بارے میں بتایا گیا۔
خاتون کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسپتال نے انہیں بتایا کہ آکسیجن کی کمی کے باعث ان کے دماغ کو شدید نقصان پہنچا، اسپتال کی جانب سے اہل خانہ کو آگاہ کیے جانے کے بعد خاتون کے اہل خانہ اسپتال پہنچے جہاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ خاتون ٹھیک ہوجائیں گی لیکن 3 دن بعد انہیں وینٹیلیٹر پر شفٹ کیا گیا جس کے بعد خاتون کی موت واقع ہوگئی۔ ارما سائنز کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی طرح کی سرجری کرانے سے پہلے اچھی طرح سے تحقیق کرلیں ورنہ کہیں نقصان اٹھانا نہ پڑجائے۔