ورلڈ نیوز
ڈاکٹرجاوید اقبال کی پہلی برسی پر پاکستانی سفارت خانہ میں لا ئف آفٹر اقبال کی تقریب رونمائی
مانچسٹر( بیورو رپورٹ تنویر کھٹانہ/ نوید چوھان) ڈاکٹر جاوید اقبال کی پہلی برسی کے موقع پر پاکستانی سفارت خانہ مانچسٹر میں ایک ادبی محفل اور مصنفہ سبینہ خان کی کتاب لائف آفٹر اقبال کی تقریب رونمائی انعقاد پذیر ہوئی۔ جس میں مانچسٹر اور گرد و نواح سے اقبال اور علم وادب سے محبت رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز حسب معمول تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت ڈاکٹریونس پرواز نے حاصل کی تقریب کی نظامت کے فرائض پاکستانی سفارتخانہ کی ویلفیئر آتاشی فضاء نیازی نے سرانجام دیے۔ کتاب کا تعارف کرواتے ہوئے سبینہ خان نے کتاب کے مختلف حصوں سے اقتباسات پڑھ کر سنائیں ۔ ٹی وی پریزینٹر کامران پیرزادہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقبال کی زندگی کے مختلف پہلو اجاگر کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہمیں جتنی اقبال اور اقبال کی سوچ کی ضرورت ہے شاید وہ آج سے پہلے کبھی نہیں تھی۔ ہم نے قرآن کی طرح اقبالیات کو بھی طاق پر رکھ چھوڑا ہے ہمیں اقبال کے فلسفے کو عملی زندگی میں اپنانا ہوگا۔ ڈاکٹر شہناز سوم جی نے کلام اقبال کو خوبصورت انداز میں گا کر شرکاء سے داد وصول کی۔ برطانیہ کی مشہور نعت خوان اور ٹی وی میزبان حسین حقانی نے اپنی خوبصورت آواز میں نعت رسول مقبول اور منقبت پیش کی جسے بے حد پسند کیا گیا۔ ڈاکٹر یونس پرواز نے بھی کلام اقبال سے چند اشعار پڑھے۔ قونصل جنرل ظہور احمد نے سبینہ خان کی اس کاوش کو بہت سراہا جس میں وہ اردو ادب اور اقبالیات کے فروغ کے لیے شب و روز کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے اقبال اور ان کے ویژن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک پنجابی گھرانے میں پیدا ہونے والے اقبال نے فارسی میں شاعری کی اور عربی پڑھائی اس کے علاوہ دنیا کی مقبول ترین یونیورسٹی سے وکالت کی ڈگری لیکر دنیا کے کیے مشعل راہ بنے ہمیں اقبال کے ویژن کو روزمرہ زندگی میں اپنانا ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں شرکت کے لیے کونسلر نعیم الحسن ، کونسلر شوکت، لیاقت علی احد، حماد محمود، سید منظور حسین شاہ بخاری اور دیگر سماجی شخصیات بھی تشریف لا ئے ہو ئے تھے ۔ شرکاء تقریب نے ایسے پروگرامات کی پسندیدگی کا اظہا ر کرتے ہو ئے جا ری و ساری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا