یو۔کے نیوز
پاکستانی سفارتخانہ ما نچسٹر اور سٹی کونسل کے تعاون سے قوالی کے رنگا رنگ پروگرام
مانچسٹر( تنویر کھٹانہ سے) پاکستانی قونصل جنرل ظہور احمد کی شبانہ روز کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ مانچسٹر میں پاکستانی ثقافت کا مثبت پہلو اب لوگوں تک پہنچ رہا ہے۔ اس سلسلے کی ایک کاوش پاکستان کے ایک ایسے فن سے مانچسٹر کی کمیونٹی کو متعارف کروانا تھاجس سے صدیوں سے دنیا محظوظ ہوتی آ رہی ہے۔ اور یہ فن ہے فن قوالی، مانچسٹر کی وٹورتھ لائبریری کے باہر اس رنگا رنگ تقریب کا اہتمام پاکستانی سفارتخانہ اور مانچسٹر سٹی کونسل کے تعاون سے کیا گیا جس میں ایک کثیر تعداد میں عمائدین شہر کے ساتھ ساتھ بچوں، خواتین اور بوڑھوں نے بھی شرکت کی۔ اس تقریب کی ایک خاص بات اس کا آوٹ ڈور ہونا اور دوسری سب سے اہم خاصیت مختلف کمیونٹیز کے لوگوں کی شرکت تھی۔ قوال حامد علی کی قوالیوں نے ایسا سماں باندھا کہ تقریب میں موجود ہرکوئی جھوم اٹھا اور استاد نصرت فتح علی خان کا وہ دور یاد آ گیا جب یورپی باشندے بھی جھوم اٹھتے تھے۔ تقریب کے شرکاء نے پاکستانی قونصلیٹ کی اس کاوش کو بہت سراہا اور اس طرح کے مزید پروگرامز کے انعقاد کا بھی مطالبہ کیا۔ تقریب میں ڈاکٹر ظہور احمد قونصل جنرل آف پاکستان ، ویلفیئر آتاشی مس فضا نیازی اور سفارتخانہ کے عملے نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ مقامی کونسلرز،لارڈ مئیرز اورلیڈی مئیرسز کے علاوہ ایم ای پی افضل خان، کونسلر نعیم الحسن ، کونسلر شوکت، بشیر رٹوی ، امجد مغل، ایشین سنوکر چیمپین حمزہ اکبر،لیاقت علی احد، روبینہ خان اور دیگر کئی سماجی سیاسی اور مذہبی شخصیات کے علاوہ صحافی برادری نے بھی بھرپورشرکت کی ۔