ورلڈ نیوز
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں قادری علوم و معارف کا ایک سمندر تھے، ڈاکٹر اشرف آصف جلالیؔ
پاکستان (سپیشل رپورٹ) تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ اور تحریک صراط مستقیم نے آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں امام اہل سنت حضرت امام احمد رضا خاں فاضل بریلوی قدس سر ا لعزیز کی شخصیت ،کردار اور افکار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یوم امام احمد رضا منایا ۔اس موقع پر ملک بھر میں ہزاروں خطباء نے حضرت امام احمد رضا خاں قادری قدس سرہ العزیز کے موضوع پر جمعہ پڑھایا ۔تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے چئیرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مرکزی جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں جمعۃ المبارک کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں قادری علوم و معارف کا ایک سمندر تھے ۔آپ نے مسلمانان ہند کو تہذیب حجازی کا گرویدہ بنایا ۔آپ نے ایسے دور میں مسلمانوں کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا جب کاروان اسلام پر ہر طرف سے حملے ہو رہے تھے تو آپ کے افکار حق و باطل کے درمیان فرق کرنے کے لیے ایک معیار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ آپ نے برصغیر کے مسلمانوں کی گرداب میں پھنسی کشتی کو کنارے پر لگانے کے لیے دن رات محنت کی۔آپ کے فتاوٰی نے برطانوی سامراج کے دانت کھٹے کیے۔ آپ دو قومی نظریہ کے علمبردار تھے آپ نے اکھنڈ بھارت کی سوچ کے خلاف علم اور قلم سے جہاد کیا ۔آپ نے ہندومسلم اتحاد کو مسترد کیا اور برصغیر کے مسلمانوں کو انگریزوں کے خلاف جدا گانہ جدوجہد کا رستہ دکھایا۔ جس کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا ۔تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے مرکزی رہنما حضرت میاں ولید احمد شرقپوری نے شرقپور شریف میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام احمد رضا بریلوی نے امت کے عقائد پر پہرا دینے کا حق ادا کر دیا ۔آپ کا فتاویٰ رضویہ امت کے لیے بہت بڑی سوغات ہے ۔تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے مرکزی رہنما پیر سید محمد نوید الحسن مشہدی نے کہا کہ امام احمد رضا بریلوی عشق رسول ﷺ کے سفیر تھے آپ نے اسلامی اقدار کو فروغ دیا اور بدعتوں کے خاتمہ کے لیے کردار ادا کیا ۔ سید خرم ریاض شاہ نے کہا کہ امام احمد رضا بریلوی نے سوئی ہوئی قوم کو سامراج سے آزادی کے لیے بیدار کیا ۔ان کے علاوہ علامہ مولانا غلا م مرتضیٰ نورانی نے کراچی میں،علامہ مولانا محمد عبد الرازق نے کوئٹہ بلوچستان میں ،،ڈاکٹر محمد عبد القدوس نے راولا کوٹ آزاد کشمیرمیں ،علاپیر سیدمحمد نصیر الدین شاہ نے حویلی لکھا، علامہ مولانا محمد طاہر الحسن رضوی ،علامہ مولانا محمد زاہد قادری ، علامہ مولانا محمد فیاض قادری ،علامہ مولانا محمد حامد مصطفیٰ جلالی ،علامہ مولانا محمد یونس قادری نے لاہور میںجمعۃ المبارک کے خطبات میں امام احمد رضا بریلوی رحمہ اللہ تعالیٰ کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا ۔