ورلڈ نیوز
وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شاہد خاقان عباسی کاعیدالاضحی کے موقع پر پیغام
اسلام آباد،یکم ستمبر2017ء’’میں عیدالاضحی کے موقع پر تمام اہلِ وطن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دْعا کرتا ہوں کہ آپ سب کی زندگی میں اِس طرح کی خوشی کے مواقع بار بار آتے رہیں ،آمین۔عیدالاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے۔
آج کے دِن اِن عظیم شخصیات نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال قائم کی تھی۔ یہ عمل خالق کائنات کو ایسا پسند آیا کہ اسے تاقیامت اْمت محمدی کے لئے عبادت کی حیثیت سے لازم قرار دے دیا۔قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔ ہر مسلمان اپنی توفیق اور استطاعت کے مطابق قربانی کرتا ہے۔ دْنیا میں کوئی بھی قوم اْس وقت تک اخلاقی سربلندی حاصل نہیں کر سکتی جب تک اس میں ایثار و قربانی کا جذبہ موجزن نہ ہو۔ قربانی کا مقصدانسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔ یہ جذبہ انسان کے اندر ایسی صلاحیتوں کو اْجاگر کرنے کا ذریعہ بنتا ہے جو کسی آزما ئش یا تکلیف دہ لمحات و حالات میں صبرو تحمل کا راستہ اختیار کرنے کا حوصلہ دیتا ہے۔
قربانی کا جذبہ ہر قسم کی مشکلات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کا نام ہے۔جو قومیں اِن اْوصاف کی حامل ہوتی ہیں وہی قومیں باہمی احترام اور اتحاد کے ساتھ خوشحالی کی منازل طے کر پاتی ہیں۔آج وطنِ عزیز کو دہشت گردی اور انتہا پسندانہ سوچ جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اِن مشکل حالات میں ہمیں جذبہ ایثاروقربانی ،اخوت و بھائی چارہ، مذہبی رواداری ، امن و آشتی اور پیار و محبت کے پرچار اور اِن پر عمل کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ ہمیں محدود علاقائی، ذاتی، نسلی اور بلاوجہ کے تعصبات اور نفرتوں کو خیر باد کہہ کر ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی کے لئے کام کرنا چاہیے۔ یہی سیدھی راہ اور وقت کی آواز ہے۔ہمیں آج کے دن اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو ہرگز نہیں بھولنا جن کی عیدیں گذشتہ کئی دہائیوں سے سنگینوں کے سائے تلے گزر رہی ہیں۔ ہمیں مقبوضہ کشمیرمیں ریاستی ظلم و ستم کاشکار معصوم کشمیریوں کو اللہ تعالیٰ کے حضور اپنی دْعاؤں میں یاد رکھنا ہے۔ انشاء اللہ تعالی مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی طویل رات جلد ختم ہوگی اور ہمارے کشمیری بھائی جلد آزادی کی صبح طلوع ہوتے ہوئے دیکھیں گے۔
پاکستان مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کی حق خود ارادیت کے حصول کی تحریک کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا۔میری اللہ تعالیٰ سے دْعا ہے کہ ہم سب کو عیدا لاضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار فرمائے اور جذبہ ایثار و قربانی پر اِس کی روح کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین ‘‘