یو۔کے نیوز
عمران حکومت تارکین وطن کشمیریوں اور پاکستانیوں کو بیوقوف بنارہی ہے، محمد سعید مغل
برمنگھم(سپیشل رپورٹ) محمد سعید مغل ایم بی ای نے کہا کہ برطانوی تارکین وطن پاکستانیوں اور کشمیریوں کو ہمیشہ سبز باغ دکھا کر بیوقوف بنایا جاتا رہا ہے۔ موجودہ وزیر اعظم عمران خان نے انتخابات کے دوران ملک بھر اور آزاد کشمیر کی عوام کو یقین دلایا تھا کہ ہم نیا پاکستان بنائیں گے ، استحصالی نظام سے چھٹکارہ حاصل کریں گے۔ انہوں نے اپنی مختلف تقاریر میں اوورسیز پاکستانیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ویزہ پابندی ختم کرنے اور 60 سال سے زائد عمر کے پاکستانیوں کا نادرا کارڈ تا حیات جاری کیے جانے بارے متعدد وعدے کئے تھے۔دوران تعطیلات طلباء کے کرایوں میں خاص رعایت دی جائے گی ، رعایت کے وعدوں میں حکومت نے وہ قومی ایئرلائن ہی ختم کر دی ۔ نہ رہے بانس نہ بجے بانسری۔ ملک میں محض سیاسی جماعتوں کو لڑانے اور ان پر الزام تراشیاں کرنے پر وقت ضائع کیا جا رہا ہے اورعوام مہنگائی ، بے روز گاری کی چکی میں پس رہی ہے ۔ اوورسیز پاکستانیوں کو کہا گیا کہ آپ ملک میں سرمایہ کاری کریں ، یہاں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں۔ میں نے بھی سوچا نئی حکومت ریاست مدینہ جیسی ریاست کی یقین دہا نیاں کروا رہی ہے ،تعمیراتی کا م میں سرمایہ کاری کے تحفظ اور شفافیت کا وعدہ کر رہی ہے۔ میں نے پندرہ سال سے زائد عرصہ قبل ایک رہائشی پلاٹ کشمیر ہاوسنگ سوسائٹی میں خریدا تھا جس کی پوری ادائیگی بھی کر دی گئی تھی ، پلاٹ پر سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ کیا۔ میں مارچ 2020 میں پاکستان گیا سوسائیٹی کے دفتر جا کر پتہ کیا تو وہاں پتہ چلا کہ پلاٹ فائل پر موجودہے لیکن سائٹ پر نہ جگہ ہے اور نہ ہی پلاٹ موجود ہے یہ بھی پتہ چلا کہ چیئرمین نے سینکڑوں پلاٹ الاٹ کیے ہیں مگر زمین موجود نہیں ۔ میں نے وزیر اعظم کے پورٹل پر شکایت درج کرائی۔ جس کی وزیراعظم کے معاون خصوصی اور ترجمانوں نے بڑی پبلسٹی کی کہ اگر کسی محکمہ میں شنوائی نہ ہو تو وزیر اعظم کے پورٹل پر شکایت درج کرائیں فوراً نوٹس لیا جائے گا۔ آج تک کوئی نتیجہ نہیں نکلا نہ ہی کوئی مسئلہ حل ہوا ہے۔ وزیر اعظم پورٹل پر تحقیقات کرنا بیورکریسی کا معاملہ ہے،جہاں عوام کو تاحال ریلیف نہیں مل رہا ۔ وزیر اعظم آپ تو ملکی نظام کو درست سمت پرچلانے کے لئے بہت پر امید تھے ، آپ کے مشیر ، معاون خصوصی اخبارات ، میڈیا ، ٹی وی چینل میں بیٹھ کر بڑے بڑے دعوے کرتے نہیں تھکتے تھے مگرشکایات کا ازالہ نہ ہونا اچنبھے کی بات ہے ۔ وزیر اعظم آپ کی باتوں کا عوام نے یقین کیا کہ آپ دیانتدار نوجوان اور جرات مند شخص ہیں تبدیلی لائیں گے۔ مگر آپ اس بیورکریسی کے سامنے بے بس لاچارنظر آ رہے ہیں ۔ وزیر اعظم یہاں نظام تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ شخصیات تبدیل کرنے سے کوئی تبدیلی نہیں آ سکتی اس پر غور ضروری ہے۔