یو۔کے نیوز
برطانوی قیادت سے اختلاف، پاکستان تحریک انصاف برطانیہ میں استعفوں کی برمار
برمنگھم (ایس ایم عرفان طاہر سے ) برطانوی قیادت سے اختلاف، پاکستان تحریک انصاف برطانیہ میں استعفوں کی برمار، تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے آپسی اختلافات اور برطانوی مقامی قیادت پر عدم اعتماد کی وجہ سے استعفوں اور ممبر شپ کے خاتمہ کا سلسلہ جاری ہوگیا ہے ۔ کچھ عرصہ پہلے برمنگھم میں تحریک انصاف کی ایک سالانہ میٹنگ کے دوران ہو نے والی ناچاقیوں اور ناراضگی کی بدولت پارٹی کے اندرونی اختلافات کا سلسلہ جو شروع ہوا تھا وہ اپنے عروج پر اس وقت پہنچا جب پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے سابق صدر اور مرکزی رہنما رومی ملک کی پارٹی رکنیت کے خاتمہ کا اعلان کیا گیا تھا۔ اسکے بعد سے کئی عہدیداران اور ممبران نے اس معاملہ کوکالعدم اور نا انصافی قرار دیتے ہوئے دبے لفظوں رومی ملک کی حمایت اور ان کے خلاف دیے گئے فیصلے کو غیر منصفانہ اور غیر قانونی قرار دیا اور موجودہ پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے صدر کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ حالیہ تازہ ترین صورتحال کے مطابق ایک پارٹی عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرتے ہو ئے ورلڈ نیوز ٹی وی برطا نیہ کو آگاہ کیا کہ اب تک استعفیٰ اور ممبرشپ چھوڑنے والوں میں جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف ویلز شازیہ لئیق ، زینب خان سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف برطانیہ خواتین ونگ، شعیب راجپوت فنانس سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف برطانیہ، محمد وقاص سنیئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف سائوتھ ایسٹ ریجن برطانیہ، عالیہ صغیر، عاصم نواز، فوزیہ بٹ اور دیگر شامل ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کے دیرینہ اور مخلص کارکن کا کہنا تھا کہ جماعت کے اقتدار کے آنے کے بعد سے مرکزی قیادت کی طرف سے عدم توجہی کی بنیاد پر پارٹی دن بدن برطانیہ میں کمزور ہوتی جا رہی ہے ۔ اگر اس صورتحال پر توجہ نہ دی گئی تو پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کو نا قابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ ذرائٓع کا مزید کہنا تھا کہ مزید عیدیداران کی طرف سے اپنے عہدے چھوڑنے اور پارٹی ممبر شپ کے خاتمہ کی توقعات کی جارہی ہیں ۔