ورلڈ نیوز
قوال امجد فرید صابری دہشتگردی کا شکار
پاکستان (پر یس ریلیز) لیاقت آباد میں فائرنگ، معروف قوال امجد صابری جاں بحق امجد صابری کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے گزر رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ ان کے سر اور سینے پر گولیاں لگیں۔ پولیس تفصیلات کے مطابق امجد صابری لیاقت آباد سے گزر رہے تھے کہ اچانک موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے وہ اور گاڑی میں موجود ایک اور شخص شدید زخمی ہو گیا۔ دہشتگردوں نے ان کی گاڑی پر متعدد گولیاںبرساییں۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر دو مسلح دہشت گرد سوار تھے۔ گاڑی آہستہ ہونے پر موٹر سائیکل پر پچھلی نشست پر بیٹھے دہشت گرد نے گاڑی کے فرنٹ پر فائرنگ کی۔ دہشتگردوں نے اطمینان سے کارروائی کی اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد امجد صابری کا پیچھا کر رہے تھے موقع پا کر ٹارگٹ کیا۔ امجد صابری کو چار سے پانچ گولیاں لگیں۔ جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول جمع کئے جا رہے ہیں۔ ابھی حتمی کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ معمول کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور ایمبیولینس کے ذریعے زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق امجد صابری کو منہ اور سینے پر گولیاں لگیں۔ امجد صابری زخموں کی تاب نہ لاسکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کے ہمراہ زخمی شخص کو بچانے کی سر توڑ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق امجد صابری ایک نجی ٹی وی کے پروگرام کی ریکارڈنگ کیلئے جا رہے تھے۔ باوثوق زرایع سے معلوم ہوا ہے کہ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سپاہ صحابہاور لشکر جھنگوی سے ہے شہید کی موت کے بعد خفیہ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کا متحرک ہونا لمحہ فکریہ ہے تجزیہ نگار اسے فرقہ وارانہ تصادم سے بھی جوڑتے ہیں۔واضح رہے کہ امجد صابری معروف قوال غلام فرید صابری کے فرزند تھے۔ قوال امجد صابری 23 دسمبر1970 کو پیدا ہوئے۔ امجد صابری نے 9 سال کی عمر میں موسیقی سیکھنے کا آغاز کیا۔ امجد صابری کو قوالی کا گر وراثت میں ملا تھا۔