یو۔کے نیوز
سراج الحق کے آبا و اجداد کے ہاتھ مظلوم کشمیریوں کے خون سے رنگے ہیں، سردار شوکت علی کشمیری
کشمیر پراکسی وار کا متحمل نہیں،معصوم کشمیریوں کا قتل عام بند کیا جائے،شوکت کشمیری
سری نگر میں معصوم انسانوںکے قتل پر خاموش نہیں رہیں گے تاہم ان عناصر کو بے نقاب کرینگے جو عوام کو مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں
سراج الحق کے آبا و اجداد کے ہاتھ مظلوم کشمیریوں کے خون سے رنگے ہیں ،یہ لوگ پہلے 1947کے قتل عام کا حساب دیں،گفتگو
سویڈزرلینڈ(سپیشل رپورٹ ) متحدہ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے جلا وطن چیئرمین سردار شوکت علی کشمیری نے جموں کشمیر میں مظلوم انسانوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری نگر میں بے گناہ انسانوں کا قتل عام بند کیا جائے۔ریاست جموں وکشمیر کے عوام اب کسی پراکسی وار کے متحمل نہیں ہیں۔ماضی کے تجربوں سے سبق سیکھتے ہوئے کوئی ایسا قدم نہ اٹھایا جائے جس میں معصوم اور بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام ہو۔یہ کون عناصر ہیں جو جموں کشمیر میں دوسرے ممالک کے جھنڈے لہرا کر معصوم کشمیریوں کا قتل عام کروا رہے ہیں۔یہ عناصر کشمیریوں کے محسن نہیں ہو سکتے۔انہی عناصر نے 1988میں جموں کشمیر میں پراکسی وار شروع کرائی جس کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ انسانوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔یہ لوگ ایک مرتبہ پھر ریاست میں آگ کی ہولی کھیلنا چا رہے ہیں۔کشمیری عوام ہوشیار رہیں اور کسی ایسے عمل کا حصہ نہ بنیں جو بے گناہ انسانوں کے قتل کا باعث ہو۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا کے نام جاری اپنے بیان میں کیا۔انھوں نے کہا کہ سری نگر میں معصوم کشمیریوں پر جو ظلم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں اس پر خاموش نہیں رہیں گے تاہم ان عناصر کو فوری بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے جو معصوم کشمیریوں کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ہم واضع الفاظ میں باور کراتے ہیں کہ جموں کشمیر میں جو پراکسی وار کی راہ ہموار کی جا رہی ہے اسے دنیا بھر میں بے نقاب کرینگے۔انھوں نے کہا کہ 1947میں جن لوگوں کے آباء و اجداد نے قبائلی لشکر کشی کے زریعے مظفر آباد میں معصوم کشمیریوں کا قتل عام کیا وہی لوگ اب 15اگست کو مظفر آباد سے چکوٹھی لانگ مارچ کر رہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے آبا و اجداد کے ہاتھ معصوم کشمیریوں کے خون سے رنگے ہیں ۔یہ لوگ پہلے 1947کے قتل عام کا حساب دیں جس کے باعث ریاست جموں کشمیر ٹکڑوں میں بٹی ۔لاکھوں انسانوں کا قتل ہوا اور جموں کشمیر کی وحدت کو پارہ پارہ کیا گیا۔کشمیری پر امن قوم ہیں اور ہم پرامن رہ کر ہی مسئلہ کشمیر کا مستقل آبرومندانہ حل چاہتے ہیں۔